لودھراں : ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی لودھراں سے تعلق رکھنے والی تائیکوانڈو کھیل کی خاتون نیشنل چیمپئن شازیہ فیض سے خصوصی ملاقات۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ازوبا عظیم، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نعمان مسعود خان ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد محمود بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے شازیہ فیض کو پندرویں کورین ایمبیسیڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2022 میں براونز میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شرکت اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شازیہ فیض کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور اعزازی میڈل پہنایا گیا۔ شازیہ فیض نے دو الگ کیٹیگریز میں براونز میڈل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ پندرویں کورین ایمبیسیڈر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2022 میں کل 12 ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور یہ چیمپئن شپ 21 سے 25 جولائی تک راولپنڈی میں منعقد کی گئی تھی۔ شازیہ فیض کا تعلق لودھراں سے ہے اور وہ لودھراں ہی میں رہائش پذیر ہیں ۔ شازیہ فیض تائیکوانڈو کھیل کے حوالے سے لڑکیوں میں کھیل کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم ہیں ۔ وہ مقامی سکولز میں لڑکیوں کو تائیکوانڈو کی کوچنگ بھی دیتی ہیں ۔ انہوں نے تائیکوانڈو کھیل کا آغاز ضمیر تائیکوانڈو کلب لودھراں سے کیا ہے۔ اب وہ ملکی سطح پر تائیکوانڈو کے کھیل میں پاکستان فضائیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ وہ نومبر میں منعقد ہونے والے تائیکوانڈو کے مقابلوں G2 تائیکوانڈو انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں ۔